ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی کابینہ کی توسیع: اُترکنڑا ایم پی آننت کمار ہیگڈے سمیت 13 وزراء نے لیا حلف؛ 13 میں 9 نئے چہرے

مودی کابینہ کی توسیع: اُترکنڑا ایم پی آننت کمار ہیگڈے سمیت 13 وزراء نے لیا حلف؛ 13 میں 9 نئے چہرے

Sun, 03 Sep 2017 12:26:59    S.O. News Service

نئی دہلی 3/ستمبر (ایس او نیوز/ ایجنسی) 9 نئے چہروں کو شامل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج اتوار کو ا پنی  کابینہ کی توسیع کی جس میں ریاست کرناٹک کے ضلع اُترکنڑا رکن پارلیمان آننت کمار ہیگڈے بھی شامل ہیں۔ آننت کمار ہیگڈے کو وزارت سونپنے کے تعلق سے عوام گمان کررہے ہیں کہ یہ سب کچھ  آئندہ آنے والے کرناٹکا کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے کہ آننت کمار ہیگڈے اپنے نئے عہدے کا استعمال کرتے ہوئے  کرناٹک میں  بی جے پی کے لئے اپنی  پوری طاقت جھونک سکیں ۔

آج اتوار کو مجموعی طور پر 13 وزراء نے  رازداری کا حلف لیا. کابینہ میں یوپی-بہار کے 2-2 اور کیرالہ، کرناٹک، مدھیہ پردیش، راجستھان سے ایک ایک نئے وزیر بنائے گئے ہیں. اس کے علاوہ، وزراء نے کابینہ کی درجہ بندی میں 4 وزراء کو ترقی دی ہے . پٹرولیم وزیر دھرمیندر پردھان، پارلیمانی معاملات کے وزیر  مختار عباس نقوی،  وزیر توانائی پیئش گویل  اور کامرس منسٹر نرملا سیتارامن  نے کابینہ کے وزیر کا حلف اُٹھایا۔

بی جے پی کے رکن پارلیمان  اشونی کمار چوبے (بہار)، سابق  داخلہ سکریٹری اور آرا کے  ممبر آف  پارلیمنٹ آر کے سنگھ، وریندر کمار (مدھیہ پردیش)، شیو پرتاپ شکلا (اترپردیش)،ممبئی کے سابق پولس کمشنر اور باغپت  سے ممبر آف پارلیمنٹ ستیہ پال سنگھ (اتر پردیش)، اننت کمار ہیگڈے (کرناٹک)،  کیرلہ  کیڈر کے سابق آئی اے ایس افسر الفونس  كنتراینم، 1974 بیچ کے سابق آئی ایف ایس افسر ہردیپ پوری   اور گجیندر سنگھ شیخاوت (راجستھان) نے نئے وزراء کے طور پر حلف اُٹھایا۔

 بتایا جا رہا ہے کہ یہ ساری  تیاری 'مشن 2019' کو دھیان میں رکھ کر کی گئیہے. اس سے پہلے، پارٹی کے صدر نے مشن 350 + کو لے کر  پارلیمان کے ساتھ بیٹھک  کی تھی.

خیال رہے کہ حلف برداری کی یہ تقریب راشٹرپتی بھون میں منعقد کی گئی تھی۔

کرناٹک سے آننت کمار ہیگڈے کو وزارت:

 ضلع اُترکنڑا کے سرسی میں رہنے والے آننت کمار ہیگڈے 28 سال کی عمر میں رکن پارلیمان منتخب ہوئے، 1996 میں انہوں نے اپنا پہلا انتخاب گیارویں  لوک سبھا کے لئے جیتے تھے  اور پارلیمان پہنچ گئے. اس کے بعد، انہوں نے 1998 (12 ویں)، 2004 (14 ویں)، 2009 (15) اور 2014 (16 ویں) لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے۔ آننت کمار ہیگڈے اب پانچویں بار رکن پارلیمان ہیں اور پہلی بار انہیں کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

آننت کمار ہیگڈے خارجہ امور اور انسانی وسائل کی ترقی کے پارلیمانی استائی کمیٹی کے رکن ہیں.پارلیمان کے ایک رکن کے طور پر وہ اپنے مختلف ادوارکے دوران  فائنانس، ہوم، انسانی وسائل کی ترقی، کامرس، زراعت اور خارجہ معاملات سمیت پارلیمنٹ کی مختلف استائی  کمیٹیوں کے رکن ہیں.

 

ہیگڈے 20 مئی 1968 کو ضلع اُترکنڑا کے سرسی میں پیدا ہوئے. ان  کے والد کا نام دتاترے  ہیگڈے ہے،  ماں کا نام للیتا ہیگڈے اور ان کی اہلیہ  کا نام شری روپا  ہیگڈے ہے. ان کو  ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے.

بی جے پی میں شامل ہونے سے پہلے آننت کمار ہیگڈے ہندوجاگرن ویدیکے کے سرگرم ممبر کی حیثیت سے اُترکنڑا میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں، بھٹکل کو ٹارگٹ بناتے ہوئے انہوں نے پوری ساحلی پٹی میں بھگوا رنگ کو بڑھاوا دینے اور پورے ساحلی کینرا میں بی جے پی کی لہرکو اونچاکرنے میں انہوں نے اہم رول ادا کیا ہے۔ 

برہمن خاندان سے تعلق رکھنے والے آننت کمار ہیگڈے مسلم دشمنی پر مبنی بیانات  دے کر  کئی بار سُرخیوں میں جگہ بناچکے ہیں، آخری بار وہ اُس وقت سُرخیوں میں چھا گئےتھے جب انہوں نے اسلام پر راست حملہ کیا تھا اور کہا تھا کہ جب تک دنیا میں اسلام باقی رہے گا، دہشت گردی باقی رہے گی، اس لئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اسلام کو ہی ختم کرنا ہوگا۔ وہ  سرسی میں ایک اسپتال کے ڈاکٹر پر حملہ کرنے کے بعد بھی سُرخیوں میں آگئے تھے، جس کی وڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔

 


Share: